اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن ونگ نے پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی بھرتیوں کے الزامات پر گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر غلام محمد علی پر الزام ہے کہ انہوں نے منظور شدہ 164 آسامیوں کے برخلاف 332 افراد کو غیر قانونی طریقے سے ملازمتیں فراہم کیں۔ اس کیس میں پی اے آر سی کے ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جو اس عمل میں ان کے معاون سمجھے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق دونوں افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ کیس میں 17 دیگر افسران اور اہلکاروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
چیئرمین اور ڈائریکٹر کو آج عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
