پی ایچ اے ٹھیکوں میں کروڑوں کی بے ضابطگیاں، ڈپٹی ڈائریکٹر، کنٹریکٹر گرفتار

ملتان ( خصوصی رپورٹر) پی ایچ اے کے اشتہاری ٹھیکوں میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں، اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور کنٹریکٹر کو گرفتار کرلیا، مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر کرپٹ عناصر کے احکامات کی روشنی میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملتان سید علی حسن گیلانی نے کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر نمبر 5/19 میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید احمد بھٹہ اور گورنمنٹ ٹھیکیدار امیر چغتائی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر میگا سکینڈل میں ملوث تھے۔ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 2019 کو اینٹی کرپشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق اس وقت کی ڈی جی پی ایچ اے کوثر خان نے دیگر افسران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کی رقم سرکاری خزانہ سے نکلوا کر بوگس ادائیگیاں کر کے خورد برد کر لی ۔ ایف آئی آر میں متعدد افسران و اہلکاروں کو نامزد کر کے چند افراد کے کردار کا تعین کرنے اور تفتیش کا حکم دیا گیا تھا، گزشتہ روز اینٹی کرپشن نے مذکورہ ایف آئی آر میں دو افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی جلد چھاپے مارے جائیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں