فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک روابط باہمی اعتماد، پختہ تعاون اور مشترکہ عزم کی روشن مثال ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایل اے کی سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور چین کے قومی دفاع، سلامتی اور ترقی میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات غیر معمولی نوعیت کے حامل ہیں اور عالمی و علاقائی سطح پر درپیش چیلنجز کے باوجود ان میں بھرپور لچک پائی جاتی ہے۔
آرمی چیف نے اس موقع پر پاک فوج اور پی ایل اے کو حقیقی بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں افواج کی مضبوط شراکت داری علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد اور میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ قریبی اسٹریٹجک تعاون اور غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
