لاہور(بیورورپورٹ،سپورٹس ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ نے عید سے قبل اہم فیصلہ کرتے ہوئے پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب منسوخ کرنے اور تمام میچز کراچی اور لاہور میں بغیر شائقین کے کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق یہ فیصلے موجودہ صورتحال، اخراجات میں کمی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیے گئے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور ایونٹ کو سادہ انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی منصوبے کے تحت میچز چھ شہروں میں کرانے تھے، تاہم اب تمام مقابلے صرف کراچی اور لاہور میں ہوں گے جبکہ ایونٹ کا آغاز لاہور سے ہوگا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 26 مارچ سے اپنے شیڈول کے مطابق شروع ہوگا اور اسے ملتوی نہیں کیا جا سکتا تھا کیونکہ بعد میں اس کے لیے کوئی ونڈو دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے شیڈول میں ٹیموں کی نقل و حرکت کو کم سے کم رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت میچز بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شائقین سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن افراد نے ٹکٹ خرید رکھے ہیں انہیں مکمل ریفنڈ دیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی کے مطابق فرنچائزز کو گیٹ منی بھی بورڈ ادا کرے گا جبکہ پی سی بی کا فل ٹائم عملہ ایونٹ میں شریک نہیں ہوگا، البتہ پارٹ ٹائم سٹاف ٹیموں کے ساتھ کام کر سکے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک انٹرنیشنل برانڈ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوتے ہیں، اس لیے اس کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے الرٹ ہیں اور ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنایا جا رہا ہے۔پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز چاہتے ہیں کہ لیگ ہر صورت منعقد ہو۔ نئے شیڈول کے مطابق ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی جبکہ فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور 4 مئی کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ خطے کے حالات جلد معمول پر آئیں گے اور آئندہ شائقین کو سٹیڈیم میں میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔







