پی ایس ایل 11 شیڈول میں تبدیلی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شائقین سے معذرت

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کر دی ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی اور اس کا نیا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں، قومی و ملکی مفاد سب سے اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل 11 کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ قومی مفادات کو ترجیح دی جا سکے۔
چیئرمین پی سی بی نے یقین دلایا کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں آسانیوں کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک بین الاقوامی سطح کا برانڈ بن چکی ہے اور ہم اسے مزید بلند معیار پر لے جانا چاہتے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاءاللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے بھی شرکت کی۔
فرنچائز مالکان، پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ، قومی کھلاڑی اور پی ایس ایل میں شریک بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں