لندن میں شاندار کامیابی اور بھرپور عوامی پذیرائی کے بعد پاکستان سپر لیگ کا روڈ شو اب امریکا کے معروف شہر نیویارک میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ سپر پی ایس ایل کا یہ میلہ آج دنیا کے سب سے بڑے معاشی مرکز نیویارک میں سجے گا، جہاں تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل روڈ شو کی میزبانی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیویارک میں روڈ شو کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی نیویارک پہنچ چکے ہیں اور وہ اس خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پی ایس ایل نیویارک روڈ شو میں امریکی اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، جہاں لیگ کی عالمی سطح پر برانڈنگ، مستقبل کے مواقع اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ پاکستان سپر لیگ آج عالمی سطح پر پہچان حاصل کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح لندن روڈ شو کو غیر معمولی کامیابی ملی، اسی طرح نیویارک میں ہونے والا ایونٹ بھی پی ایس ایل کے لیے ایک اور سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کر رہی ہے بلکہ ملک کا مثبت تشخص بھی دنیا کے سامنے اجاگر کر رہی ہے۔







