وفاقی حکومت امکان ظاہر کر رہی ہے کہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان کے پاس مارچ کے مہینے کے لیے تیل کا کافی ذخیرہ موجود ہے، مگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ فیول کے کم استعمال کے لیے اسلام آباد میں آج سرکاری چھٹی ہے۔ پاکستان نے جیٹ فیول اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمد پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔
گزشتہ روز وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا اور نئی قیمتیں اوسط نرخوں کے مطابق مقرر کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا تھا







