اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے صوبوں سے مالی شراکت داری کی درخواست کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر توانائی کے ممکنہ بحران اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام کی جانب سے توانائی کے استعمال میں بچت اور حکومتی سطح پر کفایت شعاری اقدامات سے متعلق مختلف تجاویز پر بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے، جہاں وفاق کی جانب سے صوبوں سے کہا گیا کہ وہ سبسڈی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ تجویز بھی زیر غور آئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل کیا جائے۔
ادھر اجلاس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات بھی کی، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔







