آج کی تاریخ

پہلی بار پاکستان میں اے آئی پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان میں پہلی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایف بی آر کی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ویڈیو اینالیٹکس پر مبنی نظام مینو فیکچرنگ کے مختلف شعبوں میں ٹیکس وصولی کو خودکار بنائے گا، جس سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس دہندگان کو بغیر انسانی مداخلت کے سہولت میسر آئے گی۔
ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران یہ نظام 98 فیصد مؤثر پایا گیا جبکہ 83 فیصد زیادہ گڈز ڈیکلریشن کی نشاندہی بھی کی گئی، جن میں سے دوگنا سے زائد کلیئرنس گرین چینل سے کی گئی۔
نئے نظام میں اشیاء کی نوعیت اور لاگت کا تخمینہ مصنوعی ذہانت اور باٹس کے ذریعے کیا جائے گا، جب کہ رسک مینجمنٹ سسٹم مشین لرننگ کے ذریعے وقت کے ساتھ مزید بہتر ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹل اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور جدید ٹیکنالوجی سے ٹیکس نظام میں شفافیت، کاروبار میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی۔
انہوں نے نئے سسٹم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید مربوط اور پائیدار بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں وزراء محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں