پٹرول میں 50 روپے لٹر والا سالونٹ شامل ،اوگرا سہولتکار، ملک گھر میں دو نمبری

ملتان(قوم ریسرچ سیل)ملک بھر کے ہزاروں پٹرول پمپوں اور پٹرول و ڈیزل ایجنسیوں پر اوگرا کی سہولت کاری کی بدولت 50 سے 60 روپے لٹر والا سالونٹ نامی کیمیکل پٹرول میں ملاوٹ کر کے فروخت کیا جا رہا ہے اور مکمل معلومات رکھنے کے باوجود آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا اس پر کنٹرول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور نہ ہی پاکستان میں موجود ریفائنریز سے سالونٹ کی فروخت کا ریکارڈ چیک کرا سکی ہے ۔پاکستان میں سرکاری اور نجی سیکٹر کی آئل ریفائنریز میں لاکھوں لٹر سالونٹ پٹرولیم مصنوعات سے علیحدہ کیا جاتا ہے اور حیران کن طور پر یہ باہر سے امپورٹ بھی ہوتا ہے جبکہ سالہا سال سے اس کی سمگلنگ بھی جاری تھی جسے گزشتہ چند ماہ سے بہت حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ سالونٹ زیادہ تر پینٹ انڈسٹریز میں استعمال ہوتا ہے۔ حیران کن امر یہ بھی ہے کہ یہ سالونٹ کسی بھی طور پر ایسے آئل ٹینکروں میں سپلائی نہیں کیا جا سکتا جو پٹرول اور ڈیزل سپلائی کیلئےمختص ہوںمگر یہ بعض معروف آئل کمپنیوں کے زیر کنٹرول چلنے والے آئل ٹینکروں میں بھی سپلائی کیا جا رہا ہے اور اس کی فروخت کا ریکارڈ مرتب کرکے تمام ریفائنریز کو نہ صرف محفوظ کرنا ہوتا ہے بلکہ اوگرا کو بھی آگاہ کرنا لازم ہے اور سالونٹ کے خریدار بارے مکمل اندراج ہونا لازمی ہوتا ہے۔ قانون کے مطابق آئل کمپنیاں اپنے پٹرول و ڈیزل کے گوداموں میں اسے سٹاک بھی نہیں کر سکتی مگر یہ سالونٹ آئل کمپنیاں نہ صرف خرید رہی ہیں بلکہ سٹاک بھی کر رہی ہیں اور پٹرول پمپوں پر چوری چوری ملک بھر میں فروخت بھی کر رہی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں