تازہ ترین

پٹرولیم مصنوعات مہنگی، تاجر، عوام، ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج، رمضان سے پہلے مہنگائی کا نیا طوفان

ملتان (نیوز رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر تاجر، سماجی اور ٹرانسپورٹ رہنماؤں نےروزنامہ قوم موبائل فورم میں شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے عوام اور کاروباری طبقے کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے۔چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام اور تاجر برادری پر ظلم کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گاجس سے عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔قومی تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان سے قبل قوم کو مہنگائی کا جو’’تحفہ‘‘دیا ہے وہ غریب عوام اور تاجروں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی کنٹرول سے باہر ہیں اور پٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آئے گا جس سے ٹرانسپورٹ، پھل، سبزیاں، گوشت، گھی اور دیگر ضروری اشیا مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے اور فکس چارجز بڑھانے کا منصوبہ بھی قابل مذمت ہے۔پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ساوتھ پنجاب کے صدر محمد اختر بٹ نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ ہر شعبے میںخوار ہو رہا ہے۔ آئے روز ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافہ وبال جان بن چکا ہے۔ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہوش کے ناخن لے اور بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو خودکشیوں پر مجبور نہ کرے۔ عوام کو ریلیف نہ دیں تو کم از کم مزید تکلیف بھی نہ دیں کیونکہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست مہنگائی کو بڑھاتا ہے جبکہ اس کا اثر حکمرانوں کی زندگی پر نہیں پڑتا۔معروف قانون دان و سماجی رہنما ملک محمد مظفر اٹھنگل نے کہا کہ پہلے ہی آٹا، چینی، بجلی اور گیس کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب اور متوسط طبقے پر ظلم کے مترادف ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا جس سے اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں مزید مہنگی ہو جائیں گی۔پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر رانا محمد اصغر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ٹرانسپورٹ سیکٹر اور عوام کے لیے شدید نقصان دہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہوگا جس کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑے گا جبکہ ٹرانسپورٹرز کے آپریشنل اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کرے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ریلیف فراہم کرے۔وائس چیئرمین چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان میاں ظفر اقبال نے کہا کہ تاجر برادری اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور معاشی حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔سول سوسائٹی فورم ملتان کے چیف کوآرڈینیٹر شاہد محمود انصاری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں نے عوام کا جینا مشکل بنا رکھا ہے، اب پٹرول مہنگا کر کے غریب طبقے پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ موٹر سائیکل غریب آدمی کی بنیادی سواری ہے، ایندھن مہنگا ہونے سے نہ صرف روزگار متاثر ہوگا بلکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پر فیصلے کرنے کے بجائے حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہئے۔معروف سماجی رہنما ملک اشرف اقبال بھٹہ نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی بڑھ جاتی ہیں اور حکومت نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کی تکلیف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور تکلیف کی نہیں بلکہ ریلیف کی پالیسی اپنائے تاکہ عوام کو حقیقی سہارا مل سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں