پنجاب کے ہر ضلع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام اضلاع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جبکہ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں نیورالوجسٹ اور پیڈیاٹرک نیورالوجسٹ کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد فالج کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کی خصوصی اسٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائے، تاکہ ضلعی سطح پر فالج کے مریضوں کو ابتدائی اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ فالج کے مریضوں کے لیے ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ شروع کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلعی اسپتالوں کے ڈاکٹر فوری طور پر ماہر نیورالوجسٹ اور کنسلٹنٹس سے فون یا ویڈیو لنک کے ذریعے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ مریم نواز شریف نے اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کے لیے نرسز کی باقاعدہ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے اور ریسکیو اہلکاروں کو بھی اسٹروک مینجمنٹ کی تربیت دینے کے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے فالج سے بچاؤ اور بروقت علاج کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے صوبہ بھر میں عوامی آگاہی مہم شروع کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فالج کے علاج میں ابتدائی چند گھنٹے، جنہیں گولڈن آورز کہا جاتا ہے، انتہائی اہم ہوتے ہیں اور اس حوالے سے آگاہی مہم کی قیادت وہ خود کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر چلڈرن اسپتال میں بھی اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی مریض کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر پمز کے نیورالوجسٹ ڈاکٹر قاسم بشیر نے اسٹروک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 سال سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک فرد کو زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر فالج کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فالج کے پری ہاسپٹل، ہاسپٹل اور پوسٹ ہاسپٹل کیئر کے لیے تربیت اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں