لاہور(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں کی فروخت جاری ہے جبکہ بازاروں میں صفائی ستھرائی، چیک اینڈ بیلنس اور معیار کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔مریم نواز شریف نے عوام کو سہولت بازاروں سے ریکارڈ خریداری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور انتظامیہ، پیرا فورس اور ستھرا پنجاب کی ٹیم کو عمدہ انتظامات پر شاباش دی، انہوں نے لاہور میں عوام کی سہولت کے لیے مزید سہولت بازار لگانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے سہولت آن دی گو میں خواتین کی 52.4 فیصد شمولیت کو احسن قرار دیا اور پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین افضل کھوکھر کو شاندار اقدام پر مبارکباد پیش کی، رپورٹ کے مطابق 90 فیصد سے زیادہ صارفین نے بازاروں کی رسائی اور وہاں محسوس ہونے والی حفاظت کو سراہا جبکہ دکاندار بھی سٹالز کے کرایے کی سستی اور بنیادی ڈھانچے کی سہولت سے مطمئن نظر آئے۔اعداد و شمار کے مطابق سہولت بازاروں میں 82 فیصد قیمتیں سستی ہیں اور 88 فیصد صارفین مصنوعات کے معیار اور تازگی سے مطمئن ہیں، روایتی سہولت بازاروں میں 91 فیصد دکاندار کرایے کی سستی سے خوش ہیںجبکہ سہولت آن دی گو کے ڈیلرز میں 85 فیصد سے زائد افراد کرایے اور بنیادی ڈھانچے کی سہولت سے مطمئن ہیں۔سہولت بازاروں میں خریداری کرنے والوں میں 72.6 فیصد مرد اور 26.2 فیصد خواتین شامل ہیں۔








