پنجاب کے تمام لائسنسنگ سینٹرز کا اسپیشل آڈٹ کرنے کا فیصلہ

لاہور: لبرٹی خدمت مرکز میں کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پنجاب بھر کے ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز کا خصوصی آڈٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اے آئی جی انسپکشن نے تمام اضلاع کے افسران کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے کے مطابق تمام لائسنسنگ سینٹرز کا اسپیشل آڈٹ ایس پی رینک کے افسران انجام دیں گے۔ آڈٹ کے لیے 20 نکاتی تفصیلی فارمیٹ تیار کیا گیا ہے، جس میں کرپشن، ایجنٹ مافیا، اضافی فیس کی وصولی اور دیگر بے ضابطگیوں کی چھان بین شامل ہے۔
انسپکشن کے دوران سائن ٹیسٹ اور روڈ ٹیسٹ کی ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ پچھلے 30 دنوں کا ویڈیو ڈیٹا بھی چیک کیا جائے گا۔ آڈٹ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریکارڈ رجسٹر، دستاویزات اور شواہد کا بغور جائزہ لیں۔
تمام اضلاع سے اسپیشل آڈٹ رپورٹس مشاہدات اور تجاویز کے ساتھ 25 نومبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لائسنسنگ سینٹرز کے آڈٹ کی ذمہ داری ڈی پی او دفاتر اور پولیس لائنز آڈٹ ٹیموں کو سونپی گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں