پنجاب کی 5 میڈیکل یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تلاش، موجودہ کی عمر حد پار، سخت مقابلہ

ملتان (وقائع نگار)پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل شروع، موجودہ اکثر وی سیز عمر کی حد پار کرنے کے باعث دوبارہ اہل نہیں ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے پنجاب کی پانچ بڑی میڈیکل یونیورسٹیوں کے لیے نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ محکمہ نے اس حوالے سے مطلوبہ معیارات کو نوٹیفائی کر دیا ہے جس کے بعد جلد ہی باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا اور دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں میں موجودہ وائس چانسلرز کی اکثریت دوبارہ عہدے کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں رہی کیونکہ ان کی عمر 65 سال کی حد سے تجاوز کر چکی ہے۔ موجودہ وائس چانسلرز میں پروفیسر محمود ایاز (کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، لاہور)، پروفیسر محمد عمر، پروفیسر ظفر علی چودھری، پروفیسر احسن وحید راٹھور (یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، لاہور) سمیت دیگر 65 سال کی عمر کی حد پار کر چکے ہیں اور اب وہ اس اہم عہدے کے لیے دوبارہ درخواست نہیں دے سکیں گے۔تاہم موجودہ وائس چانسلرز میں سے صرف پروفیسر خالد مسعود گوندل (فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، لاہور) ہی عمر کی حد میں ہیں اور وہ دوبارہ درخواست دینے کے اہل ہیں۔نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے مقابلہ کافی سخت متوقع ہے۔ محکمہ کے اندر اور میڈیکل سرکلز میں نامزد ممکنہ امیدواروں میں موجودہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پروفیسر عامر زمان، پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر عائشہ عارف، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر طیبہ وسیم، پروفیسر فرید احمد خان، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر زہرہ خان، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر معین، پروفیسر فاروق افضل اور دیگر سینئر پروفیسرز شامل ہیں۔ ان تمام ناموں کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے کیونکہ یہ عہدے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی اور انتظامی تجربے کا تقاضا کرتے ہیں بلکہ میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے سرچ کمیٹیوں کی تشکیل اور اہلیت کے معیار کو واضح کرتے ہوئے یقینی بنایا ہے کہ تعیناتی میرٹ، تجربے اور قیادت کی صلاحیتوں کی بنیاد پر ہو گی۔ پانچ میڈیکل یونیورسٹیوں میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور دیگر شامل ہیں جہاں نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی سے میڈیکل ایجوکیشن، تحقیق اور کلینیکل ٹریننگ کے معیار میں بہتری آئے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں