لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اللہ کی طرف سے دی گئی امانت ہے اور عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ ہماری عوامی خدمت کا سفر کسی صورت نہیں رُکے گا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کو ملکی تاریخ کا منفرد اور بے مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ زیرو ٹیکس بجٹ ہے، لیکن اس کے باوجود صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج پیش کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہر روپیہ عوام کی امانت ہے اور ہم اللہ کے سامنے جواب دہ ہیں۔ انہوں نے مالی نظم و ضبط، ای ٹینڈرنگ اور گڈ گورننس کو اسکینڈل فری ترقی کا راز قرار دیا
انہوں نے اعلان کیا کہ 700 سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا کام جاری ہے، جس سے مجموعی طور پر 12 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بجٹ کی موجودہ سطح کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ اسکولوں میں تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
مریم نواز کے مطابق بجٹ میں 94 نئے ترقیاتی منصوبے اور 100 پروگرام شامل کیے گئے ہیں، جو ماضی کی کسی بھی حکومت میں نہیں دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلا بجٹ بھی ریکارڈ ساز تھا لیکن اب ہم اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 40 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا ہدف جسے گزشتہ 40 سالوں میں حاصل نہیں کیا جا سکا، ان کی حکومت قلیل مدت میں مکمل کرے گی۔ عید کے موقع پر صفائی کے ریکارڈ قائم کیے گئے اور افسران خود عوامی خدمت میں پیش پیش رہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے گی، اور سرکاری ملازمین کی کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ مزدور کی کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اجرتی نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے باوجود حکومت نے 740 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کیا ہے، جبکہ مقامی قرضوں کی شرح میں 94 فیصد کمی لائی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ تمام اعداد و شمار انہیں زبانی یاد ہیں اور وہ اسمبلی میں فنڈز کے مکمل شفاف استعمال کی تفصیل پیش کریں گی۔ آخر میں انہوں نے چیف سیکرٹری، وزیر خزانہ، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مریم اورنگزیب اور پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقتدار اللہ کی امانت اور عوام کی خدمت ہمارا مقصد ہے۔ کامیابی نیک نیتی اور محنت سے حاصل ہوتی ہے، اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔