آج کی تاریخ

پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث حادثات، 4 جاں بحق، 27 زخمی، ایک لاپتا

پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں اب تک 4 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص لاپتا ہے۔
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے بستی ریاض آباد میں چھت گرنے سے 5 سالہ دعا فاطمہ جاں بحق ہوگئی جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ایک اور واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
دیپال پور، اوکاڑہ میں چھت گرنے کے باعث مزید 2 افراد زخمی ہوئے، شیخ بستی میں کچن کی چھت گرنے سے ایک لڑکی زخمی ہوئی اور اڈا گیمبر میں بھی چھت گرنے سے ایک فرد زخمی ہوا۔
جہلم کے نواحی علاقے سوہاوہ میں برساتی نالے میں ایک شخص ڈوب گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیم کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
خانیوال کے کوٹ برکت علی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، بہاولنگر اور بورے والا میں بھی چھت گرنے سے ایک فرد جاں بحق ہوگیا۔
فیصل آباد کے جڑانوالہ 240 موڑ اور پیپل کالونی میں چھتیں گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ ساہیوال کے دیہی علاقے میں بھی اسی نوعیت کے حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
منڈی بہاوالدین کے علاقہ ملکوال میں دو بچے بجلی کے جھٹکے سے زخمی ہوئے۔ قصور کے علاقے کوٹ پیراں اور تلونڈی میں چھتیں گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
چنیوٹ، لالیاں میں چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے جبکہ مری میں بارش کے دوران ہائی ایس وین اور ٹینکر کے تصادم میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں