ملکی موجودہ حالات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیس کی جانب سے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے میں انٹیلیجنس بیسڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 436 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے گئے، جب کہ 8 مختلف سیکیورٹی مشقیں بھی منعقد کی گئیں۔ ان آپریشنز کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 38 خطرناک اشتہاری مجرموں سمیت 123 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے دوران مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے، جن میں 2 کلاشنکوف، 12 بندوقیں، 20 ہینڈ گنز اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 43 کلوگرام چرس، 2 کلو ہیروئن اور 560 گرام آئس بھی برآمد ہوئی۔
پنجاب پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے مشقیں بھی جاری ہیں، جن میں پولیس کے ساتھ ساتھ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ، ایلیٹ فورس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے ہمہ وقت چوکس ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔






