لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی ہے جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق 15 لاکھ 16 ہزار 603 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
وزیر کے مطابق تین بڑے دریاؤں کے سیلابی پانی سے مجموعی طور پر دو ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، جن میں دریائے چناب سے 1 ہزار 169، راوی سے 462 اور ستلج سے 391 موضع جات شامل ہیں۔
511 ریلیف اور 351 میڈیکل کیمپس متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کر رہے ہیں، 6 ہزار 373 متاثرین ریلیف کیمپس میں موجود ہیں، جبکہ 4 لاکھ 5 ہزار سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ مویشیوں کے علاج کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس کام کر رہے ہیں، اور 808 کشتیاں ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ گزشتہ 36 گھنٹوں میں 68 ہزار 477 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں اور تاریخی ریلیف آپریشن ان کی براہ راست نگرانی میں تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید پیشگی حفاظتی اقدامات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی بدولت بڑے جانی نقصان سے پنجاب بچ گیا۔
وزیر نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات تباہ کن ثابت ہو چکے ہیں اور پنجاب میں جدید پیشگی وارننگ سسٹمز متعارف کرائے جائیں گے۔ سیلاب کے بعد بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے ریسکیو اور ریلیف میں دن رات کام کرنے والوں کو ہیروز قرار دیا اور متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کو اولین ترجیح قرار دیا۔
