پنجاب بھر میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی وژن کے تحت سڑکوں اور شاہراہوں کی بحالی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ محکمہ مواصلات نے مختلف اضلاع میں کئی اہم منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ کے افسران نے جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں لاہور، جہلم، خوشاب، پاکپتن، مظفرگڑھ، مری، اٹک، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ لاہور میں واہگہ بارڈر سے قائداعظم انٹرچینج تک 13 کلومیٹر طویل منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ پاکپتن میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 360 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے۔
اسی طرح 7.6 ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال، عارف والا اور بہاولنگر شاہراہ کے میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں محمود کوٹ روڈ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ مری میں ڈیجیٹل سائن بورڈز کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
اٹک میں 352 کلومیٹر طویل سڑکوں کی بحالی، بہاولنگر میں 227 کلومیٹر شاہراہوں کی از سر نو تعمیر، اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 23 ارب روپے کے تخمینہ سے 913 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی کا عمل بھی مکمل ہو گیا ہے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔







