آج کی تاریخ

پنجاب میں تباہ کن سیلاب، 97 ہلاکتیں اور 45 لاکھ سے زائد افراد متاثر

لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 97 تک جا پہنچی ہے جبکہ مجموعی طور پر 45 لاکھ 98 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے شدید سیلاب نے ہزاروں دیہات کو متاثر کیا۔ صرف دریائے چناب کے کنارے 2335 موضع جات، ستلج کے کنارے 672 موضع جات اور راوی کے کنارے 1482 موضع جات زیرِ آب آئے۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق اب تک 24 لاکھ 51 ہزار متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 396 ریلیف کیمپس اور 490 میڈیکل کیمپس قائم ہیں جبکہ مویشیوں کے علاج کے لیے 405 ویٹرنری کیمپس بھی قائم کیے گئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 19 لاکھ سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منگلا ڈیم 93 فیصد، تربیلا ڈیم مکمل طور پر 100 فیصد بھر چکا ہے۔ اسی طرح بھارت کے بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 88 فیصد، پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 89 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں