لاہور میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ ادارہ تحفظِ ماحولیات پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں بغیر گرین اسٹیکر یا ایگزاسٹ ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹ والی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چل سکیں گی۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق لاہور میں تمام گاڑیوں کے لیے ایگزاسٹ ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ای پی اے پنجاب نے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت مہم کا آغاز کر دیا ہے، اور بغیر تصدیق شدہ گاڑیوں کو سڑک پر دیکھتے ہی قبضے میں لے لیا جائے گا۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں کے دھوئیں اور شور کی جانچ لازمی کروائیں، کیونکہ ماحول دشمن گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایگزاسٹ ٹیسٹنگ سسٹم (ای ٹی ایس) سے غیر تصدیق شدہ گاڑیوں کے مالکان کو قانونی کارروائی اور گاڑی ضبطگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ای پی اے پنجاب کی جانب سے آلودگی کے خلاف سخت ترین مہم لاہور سے شروع کر دی گئی ہے۔







