محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کے دوران پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے امکانات موجود ہیں، خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں۔
اسی دوران لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔ بارش کے بعد دھند اور سموگ کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک پہنیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔ مری میں سیاحوں کو احتیاطی اقدامات اختیار کرنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سہولیات کے لیے مختلف فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔







