لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان ریلوے کے تعاون سے لاہور میں “گرین کوریڈور” منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور ریلوے ٹریک کے اطراف خوبصورتی میں اضافہ ہے۔
منصوبے کے تحت شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے لائن کے ساتھ واقع 40 کلومیٹر علاقے میں 700 کنال زمین پر سبزہ زار اور گرین بیلٹس قائم کی جائیں گی۔
تقریباً 2.25 ارب روپے لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ اس کے تحت پرانی ریلوے بوگیوں کو دوبارہ استعمال میں لاتے ہوئے لائبریریوں اور کیفیز میں تبدیل کیا جائے گا۔
منصوبہ چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا:
پہلا مرحلہ شاہدرہ سے ریلوے اسٹیشن،
دوسرا مرحلہ ریلوے اسٹیشن سے والٹن،
تیسرا مرحلہ والٹن سے کوٹ لکھپت،
اور چوتھا مرحلہ کوٹ لکھپت سے رائیونڈ تک ہوگا۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے اس منصوبے کا PC-1 محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ارسال کر دیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی بڑھائے گا بلکہ فضائی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی لائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے منصوبے کے لیے تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
