آج کی تاریخ

پنجاب حکومت کا جشن آزادی پر الحمراء میں میوزک کنسرٹ، عاطف اسلم اور دیگر فنکار شریک

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر پہلا میوزک کنسرٹ آج الحمراء کلچرل کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق یہ پروگرام وزارت اطلاعات و ثقافت کی طرف سے ترتیب دیا گیا ہے جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، سجاد علی، بلال سعید اور شے گل اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ کنسرٹ میں پنجابی ثقافت کو بھی خاص طور پر اجاگر کیا جائے گا تاکہ جشن آزادی کو منفرد اور خوشگوار بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر میں جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں، اور وزارت اطلاعات و ثقافت نے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں تاکہ شہریوں کو بھرپور تفریح فراہم کی جا سکے۔ وزارت کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس سال جشن آزادی کو ایک خاص انداز میں منایا جا رہا ہے اور فنون لطیفہ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس کنسرٹ میں پاکستان کی افواج کے شہدا اور غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جائے گا، جنہوں نے ملک کی حفاظت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد اس تقریب میں شریک ہوں گے اور شہری آزادی کی خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ احتجاج کی بجائے جشن آزادی میں شامل ہو کر قومی جذبے کو فروغ دیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں