آج کی تاریخ

پنجاب حکومت کا اسکولوں کے امتحانات کے حوالے سے اہم اعلان

پنجاب حکومت نے تعلیمی اصلاحات کے تحت آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی سربراہی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیکٹا (Punjab Examination Commission) کے بورڈ آف گورنرز نے مختلف تعلیمی امور پر غور کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ آٹھویں جماعت کے لیے باقاعدہ بورڈ امتحانات بحال کیے جائیں گے، جبکہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے امتحانات بطور اسسمنٹ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنل اسسمنٹ سسٹم کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اگلے 30 دن کے اندر گریڈ 5 تا 7 کے لیے انٹرنل اسسمنٹ کا واضح طریقہ کار مرتب کیا جائے، جبکہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا انعقاد پیکٹا کرے گا۔
واضح رہے کہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات پنجاب میں پانچ سال قبل ختم کر دیے گئے تھے، جنہیں اب تعلیمی بہتری کے پیش نظر دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں