لاہور: تحریک انصاف نے 5 اگست کو لاہور میں ممکنہ احتجاج یا جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر بڑے جلسے کی اجازت نہ ملی تو پی ٹی آئی ہر حلقے میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے کرے گی۔
تحریک انصاف کی قیادت نے پنجاب کے تمام حلقوں میں احتجاجی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر لی ہے، اور ہر حلقے سے احتجاج کی ویڈیوز مرکزی قیادت کو بھیجی جائیں گی۔ اس کے بعد مرحلہ وار بڑے شہروں میں احتجاجی کال دی جائے گی۔
پارٹی نے ڈویژنل سطح کی تنظیموں اور ٹکٹ ہولڈرز کو احکامات جاری کر دیے ہیں، جب کہ 5 اگست سے پہلے یونین کونسل سطح تک تنظیم سازی مکمل کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج سے انکار یا سستی برتنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
