پنجاب اسمبلی کا فیلڈ مارشل کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر اظہارِ مبارکباد

استحکامِ پاکستان پارٹی کے رکنِ پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے صوبائی اسمبلی میں ایک اہم تہنیتی قرارداد جمع کرادی ہے، جس میں چیف آف دی ڈیفنس فورسز کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے اور ان کی تعیناتی کو ملکی دفاع اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چیف آف دی ڈیفنس فورسز کی تعیناتی نے نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک نیا سنہری باب رقم کیا ہے بلکہ اس فیصلے نے دشمن ممالک—خصوصاً بھارت—کے منصوبوں کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔ یہ تعیناتی اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کو مزید مستحکم، محفوظ اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
شعیب صدیقی نے قرارداد میں اس بات پر زور دیا کہ قوم کو موجودہ عسکری قیادت پر مکمل اعتماد ہے، اور اُن کی زیر نگرانی دفاعی نظام ایک اہم سنگِ میل عبور کر چکا ہے۔ ملک میں معاشی استحکام، سلامتی اور داخلی امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی قرارداد میں بھرپور سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی مضبوطی اور اندرونی امن کی بحالی ہی معاشرتی و معاشی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں سول حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے یکجا ہیں اور ملی یکجہتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیاب مدتِ ملازمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قرارداد کے متن میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ چیف آف دی ڈیفنس فورسز اپنی قیادت میں ملکی دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کریں گے، اور یہ ایوان ان کی بھرپور کامرانیوں کے لیے دعاگو ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں