لاہور : پنجاب اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں حمایت کی قرارداد جمع کروا دی گئی، جسے مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم ادارہ جاتی استحکام، شفافیت اور عدلیہ کی غیرجانبداری کے فروغ کے لیے نہایت اہم قدم ہے۔ ایوان نے اس ترمیم کو آئینی اداروں کے ارتقا کی جانب ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔قرارداد کے متن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ نظام کو آئینی تحفظ دیا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی سطح پر اس میں مداخلت نہ ہو سکے۔ ایوان نے آئینی عدالت کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عدلیہ کی آزادی اور انصاف کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مزید خودمختار اور مؤثر بنانے کا فیصلہ جمہوری نظام کے استحکام کے لیے سنگِ میل ہے۔ ایوان نے وزیرِاعظم پاکستان کو آئینی اصلاحات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ترمیم وفاقی ہم آہنگی اور صوبائی خودمختاری کو مزید مضبوط بنائے گی۔







