پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف نااہلی کے ریفرنسز پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق 26 ارکان کی نااہلی سے متعلق تیار کردہ ریفرنس اسپیکر کے پاس موصول ہو چکا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسپیکر نے معطل ارکان کو اپنے مؤقف کا اظہار کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ریفرنسز کی سماعت 11 جولائی کو صبح 11 بجے اسپیکر چیمبر میں ہوگی۔ اسپیکر آئین کے تحت 30 دنوں کے اندر نااہلی کے فیصلے کا حق رکھتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے مطابق معطل ارکان کو مکمل دفاع کا موقع دیا جائے گا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ 27 جون کو اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی کی تھی اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی، جس کے بعد اسپیکر نے 26 ارکان کی رکنیت معطل کر کے ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
