لاہور: پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق رکن اسمبلی حافظ فرحت عباس اور احمر رشید بھٹی نے بھی اپنی متعلقہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حافظ فرحت عباس نے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات اور داخلہ کی رکنیت سے استعفیٰ جمع کروایا۔ ان کے استعفے کے بعد پی ٹی آئی کے قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ارکان کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل استعفیٰ دینے والوں میں ایم پی اے ثنا کریمی، رانا شہباز، اویس ورک، ملک ممتاز فرخ جاوید مون اور شیخ امتیاز شامل ہیں۔
دوسری جانب احمر رشید بھٹی نے بھی پنجاب اسمبلی کی متعدد قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے انرجی، لاء انفورسمنٹ، لیجسلیشن، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس سمیت بزنس ایڈوائزری اینڈ ایتھکس کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ اسپیکر آفس میں جمع کروا دیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کے مسلسل استعفے پارٹی کی جانب سے ایک منظم حکمتِ عملی کا حصہ لگتے ہیں، جس کا مقصد حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانا ہو سکتا ہے۔







