آج کی تاریخ

پنجاب اسمبلی؛ اجلاس کے دوران کتاب بینی، نعرے بازی اور اسپیکر و مقرر کے درمیان سے گزرنے پر پابندی عائد

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اراکین کے لیے نیا ضابطہ اخلاق نافذ کر دیا گیا، جس میں متعدد سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نئے ضابطہ اخلاق کے تحت اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی کو کتاب یا اخبار پڑھنے، اسپیکر اور تقریر کرنے والے رکن کے درمیان سے گزرنے، نعرے بازی کرنے، پلے کارڈز یا دستاویزات پھاڑنے جیسے اقدامات سے سختی سے منع کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، ارکان صرف اپنی مقررہ نشست سے ہی خطاب کر سکیں گے اور چیئر سے براہ راست مخاطب ہوں گے۔ تقریر کے دوران شور شرابہ یا مداخلت ناقابل قبول ہوگی، جبکہ اسپیکر کے ڈائس کی طرف دھمکی آمیز انداز میں آنا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
ضابطے میں موبائل یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے غیر ضروری استعمال، اسمبلی کے دوران کسی اجنبی سے بات چیت، اور تالیاں بجانے جیسے افعال کو خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، سوائے غیر ملکی وفد کی موجودگی کے۔
اجلاس کے دوران کھانے، چبانے، پینے یا سگریٹ نوشی پر بھی مکمل پابندی ہوگی، جبکہ کسی قسم کے فرنیچر یا الیکٹرونک آلات کو نقصان پہنچانے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسپیکر کی اجازت کے بغیر لاٹھی یا چھڑی لانا بھی ممنوع ہوگا۔
اسمبلی کا تقدس پامال کرنے والے اراکین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں