آج کی تاریخ

پرویز الٰہی کا پی ٹی آئی کو احتجاج کے بجائے مفاہمت کا مشورہ

راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ملکی حالات کی بہتری کے لیے مفاہمت ہی بہتر راستہ ہے، کیونکہ مذاکرات سے ہمیشہ کوئی نہ کوئی حل نکل آتا ہے۔
احتساب عدالت راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ہر حال میں بہتری کی امید رکھنی چاہیے، حالات ضرور سنبھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول میں تناؤ کے باوجود مفاہمت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔
جب ان سے صدر مملکت آصف زرداری کو تبدیل کیے جانے یا 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اچھا اوہ، یہ تو میں آپ سے سن رہا ہوں۔”
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے 5 اگست کو دی گئی احتجاجی کال اور دوسری جانب مذاکرات کے حوالے سے سوال پر پرویز الٰہی نے کہا کہ “پہلے مذمت ہوتی ہے، پھر مفاہمت۔ مفاہمت ہی بہتر ہے کیونکہ اس سے مسائل کا حل نکلتا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے مذاکرات کے لیے خط بھی بھیجا گیا ہے، لیکن اب تک اس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب دیکھتے ہیں کہ مستقبل میں کیا پیش رفت ہوتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں