elections in 2024

پرامن انتخابات کیلئے شرپسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون

حکومت نے ہر صورت میں انتخابات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو سختی سے کچلنے کا مرحلہ وار پلان مرتب کرلیا

گرفتار ہونے والے تمام افراد کو 40دن کے لیے جیلوں میں بھیج دیا جائے گا ،پولیس کے تمام ذیلی شعبوں کو الرٹ کرکے بغیر یونیفارم آپریشن کی تیاری شروع

گرفتاریوں کی مانیٹرنگ کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں سیل بھی قائم ، وائرلیس پیغام سےخفیہ آپریشن بے نقاب،ایک سیاسی جماعت کے کارکن زیر زمین چلے گئے

ملتان( شعیب افتخار سے) ملک بھر میں پُر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے شر پسندوں کے خلاف بڑے پیمانےپر کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس فیصلے پر عملدرآمد آج ہی سے شروع کیا جارہا ہے۔ حکومت نے ہر صورت میں انتخابات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو سختی سے کچلنے کا مرحلہ وار پلان مرتب کرلیا ہے اور اس کریک ڈائون کے دوران گرفتار ہونے والے تمام افراد کو 40دن کے لیے جیلوں میں بھیج دیا جائے گا اور اس سلسلے میں انہیں سیاسی جماعتوں کے سرگرم اور شرارتی کارکنوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے پولیس کے تمام ذیلی شعبوں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور ہدایات دی گئی ہے کہ تمام تر آپریشن بغیر یونیفارم ہوں گے۔ گزشتہ رات ہی صوبے بھر سے گرفتاریاں کرلی گئی ہیں اور اس آپریشن کو خفیہ رکھا گیا تھا مگر ایک وائرلیس پیغام نے سارا پول کھول دیا جس کے بعد ایک سیاسی جماعت کے بہت سے کارکن زیر زمین چلے گئے ۔ بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں گزشتہ دو دن سے یہ آپریشن جاری بھی ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے تمام افراد 9فروری تک سرکاری مہمان رکھے جائیں گے۔ روزنامہ قوم نے ذمہ دار ذرائع سے تصدیق کرلی ہے کہ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور گرفتار ہونے والے نام اور اعداد و شمار خفیہ رکھے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس میں ایک سیل بھی قائم کردیا گیا ہے جو صوبے بھر میں گرفتاریوں کی مانیٹرنگ کررکھا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں