
لندن کے “رائل ایئر فورس فیئر فورڈ” میں ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئرٹیٹو شو میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے۔ دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر فوجی ایئر شوز میں سے ایک اس مقابلے میں 30 مختلف ممالک نے حصہ لیا۔
اس عالمی شو میں پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر طیارہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا اور اپنی بہترین پرواز اور کارکردگی کے باعث “اسپرٹ آف دی میٹ” ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہا۔ یہ اعزاز بہترین جذبے، پیشکش اور فنی مہارت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور اسے “Concours d’Elegance” ایوارڈ سے نوازا گیا، جو کہ مجموعی طور پر بہترین پیشکش اور ڈیزائن کے حامل طیارے کو دیا جاتا ہے۔ C-130 طیارے کو خصوصی طور پر پاکستانی شاہین کے ٹیٹو سے سجایا گیا تھا، جس کی پرُجوش آنکھیں اور جرأت مندانہ انداز نے دیکھنے والوں کو متاثر کیا اور دشمنوں کے لیے ہیبت کی علامت بن گئیں۔
یہ کامیابیاں عالمی سطح پر نہ صرف پاکستان کی فضائی طاقت کا مظہر ہیں بلکہ دفاعی شعبے میں مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف بھی ہیں۔