آج کی تاریخ

پاک ترکیہ وزارتی کمیشن اجلاس، تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے تجارت، توانائی، آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پاک ترکیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا 16واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی سربراہی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی سمت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے ترک سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ دونوں ممالک نے ’’ٹریڈ اِن گڈز ایگریمنٹ‘‘ پر عملدرآمد تیز کرنے اور توانائی کے شعبے میں قابلِ تجدید ذرائع، تیل و گیس کی تلاش، ایل این جی تجارت، گرڈ اپ گریڈیشن اور توانائی کے تحفظ کے منصوبوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دفاعی شعبے کو دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ پیداوار اور عسکری تربیتی پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں زراعت، لائیو اسٹاک، فوڈ سکیورٹی، ماہی پروری اور بیج ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی شراکت داری پر زور دیا گیا۔
صحت کے میدان میں “Heal in Türkiye” پروگرام کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ فیصل آباد میں پاک ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔ اسی طرح آئی ٹی، ای کامرس، فِن ٹیک، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی میں بھی روابط بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں میڈیا، سیاحت، ثقافت اور ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ پاکستان اور ترکیہ نے فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں