آج کی تاریخ

پاک-امریکا تعلقات کا 78 سالہ اہم ترین لمحہ، فیلڈ مارشل-ٹرمپ ملاقات پر خواجہ آصف کا بیان

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ملاقات پاک-امریکا تعلقات کی 78 سالہ تاریخ کا سب سے اہم اور تاریخی لمحہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستانی آرمی چیف کو ملاقات کی دعوت اور ان سے بالمشافہ ملاقات غیر معمولی پیش رفت ہے، ایسی مثال اس سے قبل تاریخ میں نہیں ملتی۔ یہ ملاقات پاک امریکا سفارتی تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں بین الاقوامی اور خطے کے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس سے پاکستان کی خطے میں اہمیت اور عالمی سطح پر کردار کو تسلیم کیا گیا۔ بالخصوص پاک-بھارت کشیدگی کو دوبارہ عالمی سطح پر توجہ ملی۔
خواجہ آصف کے مطابق یہ سب کچھ موجودہ حکمرانی کے ہائبرڈ ماڈل کی کامیابی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف معیشت میں بہتری آئی بلکہ بھارت کو سفارتی سطح پر شکست ہوئی اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں وقار اور بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون سے اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہوئے، جن کے باعث یہ تاریخی پیش رفت ممکن ہو سکی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں