اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت متعدد علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 122 کلومیٹر تھی اور مرکز کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں، باجوڑ سے تقریباً 102 کلومیٹر دور واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، چارسدہ، سوات، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں ہٹیاں بالا، جہلم ویلی، چناری سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ اس دوران اسلام آباد میں تیز بارش بھی ہو رہی تھی جس سے صورتحال مزید خوفناک ہو گئی۔
زلزلے کی شدت افغانستان، تاجکستان اور گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کی گئی، خاص طور پر غذر اور اس کے نواحی علاقوں میں۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے اور لوگ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرتے رہے۔
