آج کی تاریخ

عالمی رینکنگ میں پاکستانی جامعات کی مایوس کن کارکردگی، کوئی ٹاپ 350 میں شامل نہ ہو سکی

اسلام آباد: عالمی رینکنگ جاری کرنے والے معتبر ادارے “کیو ایس” نے 2026 کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی کوئی بھی یونیورسٹی دنیا کی ٹاپ 350 جامعات میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
رپورٹ کے مطابق کیو ایس رینکنگ میں دنیا بھر کی 1500 اعلیٰ تعلیمی جامعات کو شامل کیا گیا ہے، جو 100 مختلف ممالک میں واقع ہیں۔ اس بار 500 سے زائد جامعات کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جن میں ملائیشیا کی سن وے یونیورسٹی نے سب سے زیادہ 120 درجے ترقی کی۔
پاکستان کی 18 جامعات کو تو فہرست میں شامل کیا گیا، لیکن کوئی بھی جامعہ ابتدائی 350 بہترین اداروں میں شامل نہیں ہو سکی۔
اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی 354ویں جبکہ نسٹ یونیورسٹی 371ویں نمبر پر موجود ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی 542، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) 555، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 654، کامسیٹس اسلام آباد 664، PIEAS 721، یو ای ٹی لاہور 801، یونیورسٹی آف پشاور 901، اور لاہور یونیورسٹی 951ویں نمبر پر ہے۔
کراچی یونیورسٹی 1001ویں پوزیشن پر آئی جبکہ سندھ کی دیگر کوئی بھی یونیورسٹی 1500 کی عالمی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکی۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 1201 سے 1401 کے درمیان درجہ بندی میں شامل ہوئیں۔
عالمی سطح پر 2026 کی فہرست میں امریکا کی میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) پہلی، برطانیہ کا امپیریل کالج لندن دوسرے، اسٹینفورڈ یونیورسٹی تیسرے، آکسفورڈ چوتھے، ہارورڈ پانچویں اور کیمبرج چھٹے نمبر پر رہی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں