اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے نہ صرف قومی ٹیم بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی اس کامیابی پر خصوصی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کامیابی کا راز ٹیم ورک اور انتھک محنت میں پوشیدہ ہے، اور اُمید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور فتوحات کا یہ سفر جاری رکھے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی ٹیم کی جیت کو سراہتے ہوئے اسے محنت، عزم اور ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملک کا نام فخر سے بلند کیا۔ امید ہے کہ ٹیم آئندہ بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پیر کے روز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈر ہل میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ نمایاں بلے بازوں میں صائم ایوب نے دھواں دھار 74 رنز اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 15، فہیم اشرف نے 10، خوشدل شاہ نے 11 اور حارث نے 2 رنز کا اضافہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 176 رنز تک محدود رہی، اور پاکستان نے یہ میچ 13 رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔
