کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف کارروائیوں میں قبضے میں لی گئی 93 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات تلف کر دی ہیں۔
میڈیا نیوز کے مطابق، انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کوسٹ گارڈز نے کراچی میں تقریب کے دوران ہزاروں کلو گرام منشیات نذر آتش کیں۔
ترجمان کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے دوران 10,862 کلو چرس، 80 کلو کرسٹل، 1,758 کلو ہیروئن، 117 کلو آئس، 150 کلو بھنگ، 2,888 بوتلیں شراب اور 2,402 ٹن بیئر کو تلف کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال 26 جون کو منشیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو منشیات اور اسمگلنگ کے خطرناک اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ منشیات انسانی صحت کے لیے زہریلا زہر ہیں، ان کا خاتمہ سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
کوسٹ گارڈز کے مطابق رواں برس گوادر، اوتھل اور کراچی میں منشیات کو نذر آتش کیا گیا، جن کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 329 ملین ڈالر یعنی پاکستانی کرنسی میں 93 ارب 40 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔
اس دن کی مناسبت سے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم بھی چلائی گئی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔
