کراچی: پاکستان نے آج صبح اپنے جدید ترین ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا۔ یہ سیٹلائٹ چین کے شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے دوران روانہ ہوا۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے سائنسدان اور ماہرین چینی لانچ سینٹر میں موجود تھے تاکہ مشن کی ہر مرحلے پر نگرانی کر کے اسے کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔
سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی سفر میں ایک بڑی کامیابی اور ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی طرف اہم قدم ہے۔
کراچی میں سپارکو ہیڈکوارٹر پر اس تاریخی لمحے کو براہ راست دکھایا گیا، جبکہ چین سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسر کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، شہری علاقوں کے پھیلاؤ کی نگرانی اور قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے قبل انتباہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سیٹلائٹ نہ صرف ماحولیاتی خطرات کی نشاندہی کرے گا بلکہ سی پیک سمیت دیگر اہم منصوبوں میں بھی معلوماتی معاونت فراہم کرے گا۔
ڈی جی سپارکو افتخار بھٹی نے کہا کہ آج کا دن خوشی کا دن ہے، پاکستان کا خلائی پروگرام ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ یہ سیٹلائٹ پاکستان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور زراعت و زمین سے متعلق معلومات میں مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے بھی مختلف سیٹلائٹس لانچ کر چکا ہے اور ہمارے پاس خلائی ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کی جدید صلاحیت موجود ہے۔
یہ سیٹلائٹ زمین کی حرکت، پانی کی کمی، گلیشیئرز کے پگھلاؤ، موسم کی شدت اور دیگر موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھے گا۔ سپارکو کو اس سنگِ میل پر فخر ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مزید کامیابیوں سے نوازے۔
