پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ویمن ایشیا کپ کوالیفائر 2025 میں پہلی بار تاریخ رقم کرتے ہوئے برانز میڈل حاصل کر لیا۔
تھائی لینڈ میں منعقدہ اس ایونٹ میں قومی خواتین ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان تھائی لینڈ کو 1 کے مقابلے میں 5 رنز سے شکست دی اور برانز میڈل اپنے نام کیا۔
اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں جگہ بنا لی ہے، جو 24 اکتوبر سے 2 نومبر تک چین میں منعقد ہو گی۔
یہ چیمپئن شپ ویمن بیس بال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے طور پر بھی کھیلی جائے گی۔ ٹیم لیڈر سید فخر علی شاہ کی حکمت عملی سپر راؤنڈ میں کارگر ثابت ہوئی۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر شوکت جاوید، ویمن ونگ کی چیئرپرسن سعدیہ علوی، سیکریٹری عائشہ ارم اور دیگر عہدیداروں نے ٹیم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ جیت پاکستان کیلئے مزید کامیابیوں کی راہ ہموار کرے گی۔
