پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 280 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئس نے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے، جبکہ کپتان شائے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ٹیم کے دیگر بلے باز رتھرفورڈ 10 اور گڈاکیش موتی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے بہترین کارکردگی دکھائی اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 3 جبکہ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ بھی مضبوط رہی۔ ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے شاندار 63 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔
ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ نے حسن نواز کو ان کے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر کیپ دی، جس پر کھلاڑیوں اور ٹیم اسٹاف نے انہیں مبارکباد دی۔
پاکستان کی پہلی گیارہ میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان آغا، حسن نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل تھے۔
پاکستان اب تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری کے ساتھ اگلے میچ میں سیریز جیتنے کے لیے کوشاں ہوگا۔
