اسلام آباد: پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ مکمل کیا ہے، جس سے دشمن پر پاک فوج کی برتری اور آپریشنل صلاحیتیں واضح ہو گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل نے 600 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔ یہ میزائل روایتی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جس سے یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے مؤثر طور پر بچ نکلتا ہے۔
اس کامیابی سے پاک فضائیہ کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت اور روایتی ڈیٹرنس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، خودانحصاری اور جدت کا ثبوت ہے۔
لانچ کے موقع پر پاک فضائیہ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی اور پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ٹیکنالوجی میں خودکفالت اور علاقائی سلامتی کے تناظر میں قابل اعتماد ڈیٹرنس کی غماز ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مقامی ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاسی ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔







