کراچی : پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی مزید توسیع کر دی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کے طیارے اب 23 اگست تک پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ یہ پابندی 23 اپریل سے نافذ العمل ہے۔
جاری کردہ نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹریشن کے تمام طیارے، چاہے وہ کمرشل ہوں یا لیز پر حاصل کردہ، پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ اس میں بھارتی ملکیت یا کرایہ پر لیے گئے فوجی و سول طیارے بھی شامل ہیں۔
یہ پابندی 18 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 20 منٹ سے نافذ ہوئی ہے اور یہ 24 اگست صبح 4:59 تک برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دی تھی۔ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی ہوئی، مگر فضائی بندش تاحال برقرار ہے۔
گزشتہ ماہ بھی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا، جس کی مدت 23 جولائی کو ختم ہو رہی تھی۔
