اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے اور عبادات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم کسی فرد یا گروہ کو قانون سے بالاتر ہو کر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انسانیت، محبت اور خدمت کا پیغام دیا، جبکہ قرآن مجید میں حضرت مریمؑ کے عظیم مقام کا واضح ذکر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی تعمیر و ترقی میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسیحی بھائی ہمارے ہیرو ہیں، جبکہ وطن کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا اور سب شہریوں کو برابر کا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔







