پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا معاشی استحکام پر اعتماد

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے اور حکومت سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ورچوئل خطاب کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 دنیا میں ترقی و استحکام کی ایک منفرد مثال بن چکا ہے، اور پاکستان اس وژن سے سیکھ کر اپنی معاشی پالیسیوں میں بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تین بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کے معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام کا مظہر ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اب پاکستان برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت توانائی، ٹیکس اور دیگر معاشی شعبوں میں بنیادی اصلاحات پر عمل کر رہی ہے، اور یہ عمل تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث ملک نے معاشی استحکام کی راہ اختیار کر لی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، اور حکومت اس سلسلے میں جامع منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں