کراچی: پاکستان شاہینز نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سیلیکٹ الیون کو تیسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔
اتوار کی سہ پہر فرسٹ سینٹرل کاؤنٹی گراؤنڈ، ہوو میں کھیلے گئے میچ میں شاہینز نے 261 رنز کا ہدف 37 گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔
اوپنرز شمایل حسین اور آزاد اویس نے شروع میں ہی 101 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔ شمایل نے 40 رنز بنائے جن میں چار چوکے شامل تھے۔ محمد سلیمان نے آزاد اویس کے ساتھ 68 رنز جوڑے، 40 گیندوں پر 44 رنز کی تیز اننگز کھیلیں۔ کپتان سعود شکیل جلدی آؤٹ ہوئے، لیکن حیدر علی نے آزاد اویس کا ساتھ دیا اور 33 رنز کی شراکت کے بعد آزاد اویس نے 88 رنز کی متاثرکن اننگز کھیلی۔
آزاد اویس نے 104 گیندوں پر 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا، جبکہ حیدر علی نے 40 گیندوں میں 55 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
پروفیشنل کاؤنٹی کلب کی طرف سے لیگ اسپنر ہیریسن نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پروفیشنل کاؤنٹی کلب کی ٹیم 46.4 اوورز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبید شاہ نے چار وکٹیں لے کر بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا، جن میں اوپنر ول اسمیڈ اور ٹاپ اسکورر اولی سائےکس شامل تھے۔
موسیٰ خان نے دو جبکہ میر حمزہ اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان شاہینز نے سیریز کا پہلا میچ بھی پانچ وکٹوں سے جیتا تھا اور اب 29 جولائی سے اسی گراؤنڈ پر تین روزہ میچ کھیلیں گے۔ دوسرا تین روزہ مقابلہ 3 سے 5 اگست کو کینٹربری کے اسپٹ فائر گراؤنڈ پر ہوگا جہاں ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اور ایم سی سی ینگ کرکٹرز کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔
