پاکستان جلد قرضوں سے مکمل نجات کی راہ پر، معاشی استحکام اور ترقی کے اشارے واضح – وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان قرضوں کے بوجھ سے مکمل آزادی حاصل کر کے ایک باوقار اور خود کفیل معیشت کے طور پر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی معاشی اصلاحات اور پالیسیوں کے مؤثر نفاذ پر اظہارِ اطمینان اور جاری پروگرام کے تحت مالی اجراء اس بات کی واضح علامت ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت، تسلسل اور بہتر حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب اُن کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، خصوصاً وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ قومی سطح پر اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی معاونت انتہائی اہم رہی ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے معاشی اقدامات اور اصلاحات پر اطمینان کا اظہار اس بات کا پختہ ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات پر عملی طور پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کے خطرے سے ملک کو نکال کر استحکام کی جانب لے جانا ایک سخت مرحلہ تھا، جس میں پوری قوم نے قربانیاں دیں۔ سیاسی جماعتوں نے اپنے سیاسی مفادات پسِ پشت ڈال کر ملک کی خاطر یکجہتی دکھائی، جبکہ عوام نے معاشی دباؤ برداشت کر کے مشکل فیصلوں کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹل نظام کی مضبوط بنیادیں دنیا کے سامنے ایک کامیاب مثال کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی کا خواب جلد حقیقت کا روپ دھارنے والا ہے، تاہم استحکام کے بعد ترقی کے سفر میں ابھی مزید محنت اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بطور خادمِ پاکستان وہ عوام کی خوشحالی، مضبوط معیشت اور بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں